کراچی میں جو بھی میئر آئے گا وہ کام نہیں کر سکے گا:مصطفیٰ کمال

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی میں جو بھی میئر آئے گا وہ کام نہیں کر سکے گا۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 53 یونین کونسل کو پیپلز پارٹی نے ختم کر دیا تھا، ہمارے الیکشن نہ لڑنے سے 53 یونین کونسل واپس آئیں، ہم اس بلدیاتی الیکشن کو نہیں مانتے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو درست طور پر نہیں گنا جا رہا، میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں 98 فیصد مردم شماری مکمل ہو چکی ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہمیں سہولیات نہیں دے رہے تو کم از ہمیں گن تو لو، 75 سال بعد بھی ہمیں صحیح نہیں گنا جا رہا۔

ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ کراچی کے تمام لوگوں کو گن لیا جائے گا تو کیا مسئلہ ہو جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے لائسنس کو ری نیو کیا جا رہا ہے، کراچی میں بجلی کے لیے ایک سے زائد کمپنیاں ہونی چاہیے۔