وائرلیس آپریٹر ویون لمیٹڈ کا پاکستان میں موجود ٹاور فروخت کرنے کے لیے بات چیت

وائرلیس آپریٹر ویون لمیٹڈ پاکستان میں موجود اپنے ٹاور فروخت کرنے کے لیے بات چیت کر رہی ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ویون کے سی ای او کان ٹرزیوگلو کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کمپنی کے تقریباً 10 سے 12 ہزار ٹاور موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ٹاور کی مالیت 60 سے 80 ہزار ڈالر کے درمیان ہے جو شرح سود پر منحصر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ٹاورز کی کل مالیت 60 کروڑ سے 96 کروڑ ڈالر کے درمیان ہوسکتی ہے۔

ایک سعودی ٹیلی کام کمپنی، پاکستان کی ٹی پی ایل کارپوریشن اور متحدہ عرب امارات کی ٹی اے ایس سی ٹاورز کا کنسورشیم اور پاکستانی کمپنی اینگرو ان ٹاورز کو خریدنے کے لیے بولی لگا چکے ہیں۔

ویون کمپنی 1992 میں ماسکو میں قائم ہوئی تھی، اس کا نام ومپل کام تھا، اب یہ کمپنی نیدرلینڈ میں ہے، اس کے صارفین 9 ممالک میں موجود ہیں لیکن کمپنی کی نصف آمدنی اب بھی روس سے ہوتی ہے۔

پچھلے سال ویون نے روس میں اپنے 15 ہزار ٹاور 97 کروڑ ڈالر میں فروخت کردیے تھے، سی ای او نے بتایا کہ کمپنی 30 ہزار مزید ٹاور فروخت کرنا چاہتی ہے۔