یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم ’نایاب‘ نے کانز میں 2 اعزاز اپنے نام کر لیے

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکار یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم ’نایاب – نام یاد رکھنا‘ نے کانز فلم فیسٹیول میں 2 اعزاز اپنے نام کر لیے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ’ورلڈ فلم فیسٹیول کانز‘ کے آفیشل پیج پر اپریل کے لیے مختلف کیٹیگریز میں اعزاز جیتنے والوں کے نام شیئر کیے گئے ہیں۔

بعدازاں اداکارہ یمنیٰ زیدی نے بھی ’ورلڈ فلم فیسٹیول کانز کی پوسٹ ری شیئر کرکے اپنی ڈیبیو فلم ’نایاب – نام یاد رکھنا‘ کی کامیابی کا اعلان کیا اور اپنی ٹیم کو مبارک باد بھی پیش کی۔

ادھر فلم کے ہدایت کار عمیر ناصر علی نے بھی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ انہوں نے اپنی فلم ’نایاب‘ کے لیے کانز ورلڈ فلم فیسٹیول میں پہلی بار بہترین فلم ساز اور بہترین غیر ملکی فلم کے 2 اعزاز اپنے نام کئے ہیں۔

واضح رہے کہ 26 جنوری کو ریلیز ہونے والی اس فلم کی کہانی کرکٹ کے گرد گھومتی ہے، یہاں کرکٹ صرف کھیل نہیں بلکہ زندگی ہے۔

یہ فلم رومینہ عمیر اور عمیر عرفانی کی پیشکش ہے، جبکہ اس کا اسکرین پلے علی عباس نقوی اور باسط نقوی نے لکھا ہے۔

اداکارہ یمنی زیدی کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں اداکار جاوید شیخ، عدنان صدیقی، محمد فواد خان، عثمان خان، احتشام الدین، فریال محمود، امِ ہانی طہٰ سمیت دیگر شامل ہیں۔