1 سے 5 لاکھ تک بلاسود قرض، رواں ماہ کامیاب پاکستان پروگرام کا آغاز

کراچی: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 5 ارب روپے سندھ کے ہزاروں نوجوانوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔

معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی سندھ اسمبلی میں مشترکہ پریس کانفرنس اس حوالے سے عثمان ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر میں سندھ آیا ہوں، 5 ارب روپے سندھ کے ہزاروں نوجوانوں میں تقسیم کیے گئے ہیں جنھوں نے اپنا کاروبار شروع کیا ہے جس سے دیگر ہزاروں لوگوں کو روزگار مل چکا ہے، مہنگائی کا توڑ آمدن بڑھا کر اور روزگار دے کر کیا جاسکتا ہے، یہی ہماری کوشش ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کی آمدن کے ذرائع بڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی ٹیم کو بھرپور ہدایات دی ہیں کہ زیادہ سے زیادہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، وزیراعظم کی خصوصی ہدایات ہیں کہ سندھ کے جوانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑنا ہے، ہماری کوشش ہوگی کے اگلے 10 ماہ میں 6ارب کی مزید رقم ہم سندھ میں تقسیم کریں۔

عثمان ڈار نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں آپ کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنیں، قرضے کے حصول میں جو مشکلات آرہی تھیں وہ دور کردی گئی ہیں، کامیاب پاکستان پروگرام کا اس ماہ پورے ملک میں آغاز کریں گے، اس سے بھی نوجوان بلاسود ایک لاکھ سے پانچ لاکھ تک وصول کرسکتے ہیں، ہر ماہ بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو قرضے دیے جائیں گے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پروگراموں سے براہ راست عوام کو فائدہ ہورہا ہے ، اگلے مہینے ہم سندھ کے دیگر اضلاع میں جارہے ہیں جہاں سڑکوں پر کھڑے ہوکر نوجوانوں کو اس پروگرام میں شامل کرائیں گے، نوابشاہ میں بھنڈ برادری کی زمینوں پر زرداری برادری کے لوگوں نے قبضہ کیا ، بھنڈ برادری کے 5 افراد کو قتل کیا گیا، ایک ایس ایچ او شہید ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی حسن زرداری جو ٹاپ پر نیب زدگان میں ہے آصف زرداری کا رائٹ ہینڈ ہے، سندھ اسمبلی میں تو 3، 3 قتل والے افراد بیٹھے ہیں آج سندھ میں عزتیں اور جانیں محفوظ نہیں، سندھ میں زرداری گردی ہورہی ہے، نوکوٹ میں 2 بچیوں کو گھروں سے اغوا کرکے برہنہ کر کے گھمایا جاتا ہے۔