عام انتخابات 11 ماہ بعد، سب کو ڈاکو کہنے والا عمران خان سرٹیفائیڈ چور اور جھوٹا نکلا، اسے اسلام آباد میں گھسنے نہیں دینگے، وزیراعظم

لاہور (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ عام انتخابات 11 ماہ بعد مقررہ وقت پر ہوں گے ، سب کو ڈاکو کہنے والا عمران خان سرٹیفائیڈ چور اور جھوٹا نکلا، اسے اسلام آباد میں گھسنے نہیں دینگے،نیازی سیاسی انتشار پیدا کرنیکی مذموم کوشش کررہا ہے، قانون اپنا راستہ خود بنائیگا، عمران فیٹف کے معاملے پر ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھا، آرمی چیف کی تقرری حکومت کا آئینی اختیار ، جلسے جلوسوں سے نہیں ملکر کام کرنے سے مسائل حل ہونگے، آنے والی نسلوں کیلئے ہر در پر جانے کو تیار ہوں ، عمران نے دوست ممالک سے مہنگے ترین تحفے بیچ کر پیسے جیب میں ڈال لئے،تحفے دبئی اور دیگر جگہوں پر فروخت کئے اور جسے توشہ خانہ کی گھڑی بیچی گئی انہوں نے بادشاہ کو آگاہ کردیا کہ کہیں یہ نایاب گھڑی چوری تو نہیں ہوئی، ملک کی عزت داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔نوازشریف وطن واپس آئیں گے تو ان کا استقبال کرنے ایئرپورٹ جاؤں گا، جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں اس حوالہ سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کی معیشت میں بہتری آئے گی، یہ کامیابی تمام اداروں کی اجتماعی کاوشوں کے طفیل حاصل ہوئی، انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہماری میثاق معیشت پیشکش کو این آر او سے جوڑا گیا، عمران خان سرٹیفائیڈ چور ہے، قوم اس کی کسی کال پر باہر نہیں نکلے گی، موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور گیارہ ماہ ملکی معیشت کو درست سمت پرگامزن کرنے کیلئے ڈٹ کر کام کرے گی، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے،موجودہ اسمبلیوں کے باقی 11 مہینے ڈٹ کر کام کریں گے ، بھارت سے بات چیت ، کشمیر سمیت دیگر تنازعات پر سنجیدگی دکھانے پر ہی ہوسکتی ہے، پنجاب حکومت گندم کی درآمد نجی شعبے کے ذریعے کرنا چاہتی ہے، عوام پر بوجھ نہیں ڈال سکتے اس لئے اس کی اجازت نہیں دے سکتے، وفاق ضرورت کے مطابق گندم درآمد کر رہا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ جب سے پاکستان گرے لسٹ میں آیا تو ہماری تجارت ، سرمایہ کاری کاروباری حضرات کو بہت مشکلات درپیش آئیں ،اب گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد پاکستان کو ان مسائل سے ہمیشہ کیلئے نجات مل جائے گی اس کیلئے شرط یہ ہے کہ ہم ان شرائط پر کاربند رہیں جس کا اعتراف فیٹف کے سربراہ نے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی افواج، عوام سمیت ہر طبقہ کی قربانیوں کے نتیجہ میں یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان تمام افراد اور اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس کیلئے کاوشیں کیں یہ کسی فرد کی نہیں پاکستان کی کامیابی ہے۔ وزیراعظم نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیرمملکت حنا ربانی کھر، وزارت خارجہ کے تمام افسران کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے اس کیلئے دن رات کاوش کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے حنا ربانی کھر کے ساتھ مل کر بڑی کاوش کی۔افواج پاکستان کے سپہ سالار نے کمال خاموشی اور ان کے ذیلی اداروں نے عزم کے ساتھ کامیابی کیلئے کردار ادا کیا جس پر ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اپوزیشن میں تھے اس وقت فیٹف کے حوالہ سے قانون سازی ہو رہی تھی اس وقت کے وزیراعظم کی رعونیت اور تکبر کے باوجود 22 کروڑ عوام کی قسمت سے جڑے اور معیشت کی بہتری کیلئے اس رویہ اور اختلاف کو ایک طرف رکھتے ہوئے اس وقت کی اسمبلی میں اس قانون سازی کیلئے بھرپور تعاون کیا۔ ہمیں این آر او کے طعنے ملتے رہے لیکن ہم نے قومی مفاد میں اس کو نظرانداز کیا جس کا نتیجہ گزشتہ روز پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کی صورت نکلا۔