بھارت میں 140 سالہ قدیم پُل مرمت کے 5ویں روز منہدم؛ 60 افراد ہلاک

بھارتی گجرات: بھارت کے شہر موربی میں دریا کے اوپر تاروں پر بنا ہوا 140 سالہ قدیم پُل مرت کے 5 ویں روز اچانک گر گیا جس کے نتیجے میں 60 افراد ہلاک جبکہ درجنوں شہری ڈوب گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات کے موربی ضلع میں مچھو دریا پر قائم 140 سالہ قدیم پُل کو مرمت کے بعد پانچ دن قبل ہی دوبارہ عوام کیلیے کھولا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جبکہ 500 سے زائد شہریوں نے ایک ساتھ پُل کے ذریعے دریا عبور کرنے کی کوشش کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیبل پل دریا کے بیچوں بیچ گرا ہوا ہے اور چند مسافر ٹوٹے ہوئے پل پر کھڑے ہیں جب کہ بقیہ افراد بھی ٹوٹے ہوئے پُل سے آہستہ آہستہ اتر رہے ہیں۔

وزیراعظم نریندر مودی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ پُل سیر وتفریح کا مرکز تھا جسے مخدوش حالت کی وجہ سے بند کیا گیا اور پھر اس کی مرمت کی گئی تھی۔ مرکزی اور ریاستی حکومت نے واقعے میں ہلاک ہونے والے شہریوں کے لواحقین کو فی کس 6 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔