40 پی ٹی آئی کے چیئرمین میئر کے انتخاب کے دن ایوان میں نہیں جائیں گے: اسد امان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منتخب یو سی چیئرمین اسد امان کا کہنا ہے کہ تقریباً 40 پی ٹی آئی کے چیئرمین میئر کے انتخاب کے دن ایوان میں نہیں جائیں گے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ بھرپور مخالفت کی، ہم حافظ نعیم کو ووٹ نہیں دیں گے۔

پی ٹی آئی کے منتخب چیئرمینز نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی پارٹی قیادت کے فیصلوں سے اختلاف کرتے ہیں، جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کےفیصلے میں ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

یو سی چیئرمین اسد امان نے کہا کہ ہم چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے، پیپلز پارٹی کے خلاف تھے اور ہیں مگر جماعت اسلامی کو ووٹ نہیں دیں گے، ہم اپنے فیصلے میں خود مختار ہیں ہمیں کسی قسم کے دباؤ کا سامنا نہیں، تقریباً 40 پی ٹی آئی کے چیئرمین میئر کے انتخاب کے دن ایوان میں نہیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ بھرپور مخالفت کی، ہم حافظ نعیم کو ووٹ نہیں دیں گے، چیئرمین تحریک انصاف ہمیں بلائیں تو بات بن سکتی ہے۔

پی ٹی آئی یو سی چیئرمین عمران پروانی نے کہا کہ ہمیں اپنی یو سی کے لوگوں کو بھی جواب دینا ہے، حافظ نعیم نے چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات کرکے ورکرز سے جھوٹ بولا۔

عمران پروانی نے کہا کہ منتخب ہونے کے بعد ہمیں کراچی کی قیادت نے پوچھا تک نہیں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ ہم باہر کے بندے کو ووٹ دیں۔