گورنمنٹ گریجویٹ کالج ٹائون شپ لاہور کا پانچواں کانوکیشن، 372 طلبہ میں ڈگریاں تقسیم

لاہور (ویب ڈیسک) گورنمنٹ گریجویٹ کالج ٹائون شپ لاہور کا پانچواں کانوکیشن کالج کیمپس میں ہوا۔ تقریب کی صدارت ڈاکٹر نظام الدین سابق چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن نے کی.

آصف بیگ مرزا چیف ایگزیکٹیو آفیسر اے بی ایم سیکیورٹیز اور اظہر علی ملک، صدر سندر ٹریڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ پرنسپل ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کالج نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نئی پالیسی کی روشنی میں 14 مضامین میں بی ایس پروگرامز کا آغاز کر دیا ہے۔ جہاں جدید تقاضوں کے مطابق طلبا و طالبات کو تعلیم و تربیت دی جار رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالج میں طلبا کی متعلقہ شعبوں میں عملی تربیت کی غرض سے کیرئیر کاونسلنگ سینٹر فعال ہے اور باقاعدگی سے سیمینار ، سمپوزیم ، ورکشاپ اور فیلڈ وزٹ کروائے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر نظام نے کہا کہ پنجاب ہائر ایجوکشن نے امریکن سسٹم کے طرز پر بی اے کی جگہ تین مضامین میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کا کامیاب تجربہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج ٹائون شپ میں کیا ۔کالج میں کیرئیر کاونسلنگ سینٹرکے قیام نے طلبا ء و طالبات کو روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تربیت بھی فراہم کی یہ نظامِ تعلیم پاکستان کے تمام کالجز میں متعارف کروانا سی پیک کے تناظر میں وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے آج کے کامیاب کانوکیشن پر کالج انتظامیہ اور اساتذہ کو مبارک باد دی۔

تقریب سے آصف بیگ مرزا اور اظہر علی ملک نے بھی خطاب کیا انہوں نے کالج کی تعلیمی کاوشوں کو سراہا اور کیرئیر کاونسلنگ سینٹر کے لیے مالی اور تکنیکی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا ۔

اس کانوکیشن میں 372 طلباو طالبات میں بی ایس سی ، بی کام ، کمیونٹی کالج پروجیکٹ کے تحت کامرس ( فنانس اینڈ اکائو نٹینگ ) ، اے ڈی پی میڈیا سٹڈیز ، اے ڈی پی انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ایم اے اور ایم ایس سی کی ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔

طلباو طالبات کو عمدہ کارکردگی پر گولڈ میڈلز دیئے گئے جبکہ 108 طلباو طالبات کو رول آف آنرز کا حقدار قرار دیا گیا۔