سبزی فروش نے ٹماٹروں کی حفاظت کے لیےگارڈز رکھ لئے

بھارت میں ٹماٹروں کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر سبزی فروش نے ٹماٹروں کی حفاظت کی خاطر گارڈز رکھ لئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سبزی فروش کو گرفتار کرلیا گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سبزی فروش 2 گارڈز کے حصار میں ٹماٹروں سے بھری ٹوکری لاکر اپنی دُکان پر رکھتا ہے جبکہ ایک اور وائرل ویڈیو میں سبزی فروش گاہک کے انتظار میں بیٹھا ہے جبکہ گارڈز دکان کے سامنے پہرا دے رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مذکورہ ویڈیو ریاست یوپی کے علاقے واراناسی کی ہے، جس میں سماج وادی پارٹی کے ایک مقامی لیڈر اجے فوجی کو سبزی فروش اور ٹماٹروں کی حفاظت پر مامور گارڈز کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا مقصد ٹماٹروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروانا تھا۔

تاہم سماج وادی پارٹی کے مقامی رہنما اجے فوجی کے اس اقدام کا خمیازہ سبزی فروش کو بھگتنا پڑا اور واراناسی کی مقامی پولیس نے اسے گرفتار کرکے 3 مقدمات میں اس کا نام درج کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سبزی فروش کو دفعہ 153A، 295 اور 505(2) کے تحت ایف آئی آر درج کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ اجے فوجی تاحال فرار ہے