پاکستان ایمبیسی تاشقند کی جانب سے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ۔ واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے تاشقند ازبکستان میں ایشین پاور لفٹنگ میں چار مزید پڑھیں
موسم سرما میں انڈوں سے بنائیں لذیذ پکوان
انڈہ ویسے تو عموماً روزانہ ناشتے میں کھایا جاتا ہےمگر اس کے علاوہ بھی اس سے بےشمار پکوان بنائے جاتے ہیں۔ سردیوں کے موسم میں انڈوں کا استعمال کافی بڑھ جاتا ہے۔ سُپر فوڈ میں شمار کیے جانے والے انڈے کو مکمل غذا قرار دیا جاتا ہے جس کے استعمال سے صحت پر بے شمار فوائد مرتب ہوتے ہیں۔ یہ بچوں کی نشوونما میں مدد کرنے کے ساتھ دماغی صلاحیتوں کو بھی بہتر بناتا ہے۔ پروٹین سے بھرپور یہ غذا ہر عمر کے افراد کے لیے بہترین ہے۔
پروٹین کے علاوہ اس میں فاسفورس، سوڈیم، کیلشیم، آئرن، میگنیشیم، امینوایسڈز، اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامن اے، بی، ڈی اور ای شامل ہوتے ہیں۔ تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ انڈوں میں موجود کولیسٹرول صحت کے لیے نقصان دہ نہیں جبکہ اس میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈ ’ٹرائی گلیسرائیڈز‘ کی سطح میں کمی لاتا ہے۔ انڈہ جسم کو طاقت بخشتا ہے، جس سے ہڈیاں، پٹھے اور دانت مضبوط ہوتے ہیں۔
ایک تحقیق سے حاصل ہونے والے نتائج کے مطابق سبزیوں یا سلاد کے ساتھ اگر ایک انڈہ ملا کر کھا لیا جائے تو سلاد میں موجود وٹامن ای کی مقدار بڑھ جاتی ہے جبکہ دیگر وٹامنز اور منرلز بھی بہتر طور پر خون میں جذب ہوتے ہیں۔ انڈوں کی افادیت کے پیش نظر اس سے تیار کیے جانے والے چند کھانوں کی تراکیب پیش ہیں۔
آلو انڈے کی بریانی
درکار اجزاء:
چاول۔ تین پاؤ (اُبلے ہوئے)
آلو۔ آدھا کلو (فرائی ہوئے)
دہی ۔آدھا کلو
پودینہ۔ ایک گٹھی
انڈے۔ چار عدد (اُبلے ہوئے)
ہری مرچ۔ چھ عدد
بادیان کے پھول۔ چھ عدد
پیاز۔ ایک کپ (فرائی ہوئے)
آلو بخارے۔ پچاس گرام
بریانی ایسنس۔ چند قطرے
کالا زیرہ ۔ ایک چائے کا چمچ
کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
گرم مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ (پسا ہوا)
نمک۔ ایک چائے کا چمچ
ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
زردے کا رنگ۔ آدھا چائے کا چمچ
لال مرچ۔ دو چائے کے چمچ (پسی ہوئی)
ترکیب:
آلو میں دہی، کالا زیرہ، کالی مرچ، پسا گرم مسالہ، آلو بخارے، پسی لال مرچ، بادیان کے پھول، ادرک لہسن کا پیسٹ، نمک اور چند قطرے بریانی ایسنس ڈال کر آدھے گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔ جب آلو گل جائیں تو اُن پر پیاز، پودینہ، ہری مرچ، چاول، زردے کا رنگ اور انڈے شامل کرکے بیس منٹ دَم پر رکھیں۔ لیجیے مزیدار آلو انڈےکی بریانی تیار ہے۔
انڈوں کا خاکینہ
درکار اجزاء:
انڈے۔ چھ سے سات عدد
نمک ۔آدھا چائے کا چمچ
دودھ۔ آدھا کپ
ہلدی۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
تیل۔ دو کھانے کے چمچ
پیاز ۔ایک عدد
ہری مرچ ۔ایک عدد (باریک کٹی ہوئی)
ٹماٹر۔ دو عدد
ہلدی۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
نمک۔ ایک چائے کا چمچ
گرم مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ
چاٹ مسالہ ۔ آدھا چائے کا چمچ
قصوری میتھی۔ ایک چائے کا چمچ
ہرا دھنیا۔ ایک گٹھی
تیل۔ آدھا کپ
ترکیب:
ایک پیالے میں انڈے، نمک، دودھ اور ہلدی ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔ اب پین میں دو کھانے کے چمچ تیل ڈال کر انڈے کے مکسچر کو ڈال دیں اور چمچ چلاتے رہیں۔ ایک دوسرے پین میں آدھے کپ تیل میں پیاز ڈال کر فرائی کر لیں۔ پھر اس میں ہری مرچ ڈال کر پکائیں۔
پھر ٹماٹر، ہلدی، نمک، گرم مسالہ، ایک چوتھائی چائے کا چمچ چاٹ مسالہ اور آدھا چائے کا چمچ قصوری میتھی ڈال کر بھون لیں۔ پھر اس میں باقی قصوری میتھی، چاٹ مسالہ اور آدھی گٹھی ہرا دھنیا ڈال کر پکالیں۔ جب مسالہ بُھن جائے تو اس میں انڈوں کو ڈال کر پکالیں۔ پھر اس کو ڈش میں نکال کر باقی ہرا دھنیا چھڑک کر پیش کریں۔
ایگ بالز وِد ویجیٹیبل
درکار اجزاء:
انڈے۔ پانچ عدد (ابال کر بہت باریک ٹکڑے کر لیں)
آلو ۔ ایک پیالی (ابلے ہوئے چھوٹے ٹکڑے)
گاجریں ۔ آدھی پیالی (کھرچ کر ابال لیں اور چھوٹے ٹکڑے کر لیں)
سبز پھلیاں۔ آدھی پیالی (ابال کر چھوٹے ٹکڑے کر لیں)
وائٹ سوس۔ آدھی پیالی
تیل ۔فرائی کرنے کے لئے
نمک اور کالی مرچ۔ حسبِ ذائقہ
بریڈکرمز۔ دو پیالی
انڈا (پھینٹا ہوا)۔ ایک عدد
ترکیب:
انڈے، سبزیاں، وائٹ سوس، آدھے بریڈکرمز ،نمک اورمرچ ملا لیں۔ ساتھ ہی تیل کو تیز گرم کرنے رکھ دیں۔ اب آمیزے کے چھوٹے چھوٹے گولے بنا لیں۔ ہر گولے کو پہلے پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈبوئیں پھر بریڈکرمز میں رول کر کے گرم تیل میں سنہری فرائی کر لیں۔ ٹماٹو کیچپ یا پو دینہ کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
پالک بھرے انڈے
درکار اجزاء:
انڈے سخت ابلے ہوئے۔ چھ عدد
پالک۔ ڈیڑھ پاؤ
سبز مرچیں۔ دو عدد
دودھ۔ آدھا کپ
انڈہ۔ ایک عدد (پھینٹنے کیلئے)
بریڈ کرمز۔ ایک کپ
زیرہ پاؤڈر۔ حسب ضرورت
چکن کیوب۔ ایک عدد
تیل ۔ تلنے کے لئے
ترکیب:
انڈے لمبائی کے رخ کاٹ کر آدھے کر لیں۔ پالک کو دھو کر کاٹ لیں اور بغیر پانی ڈالے پکا لیں حتیٰ کہ وہ بالکل خشک ہو جائے۔ تازہ ڈبل روٹی کا چورا گرم کرکے دودھ میں بھگو دیں۔ ساتھ ہی چکن کیوب بھی ملا دیں۔ انڈوں کی زردیاں نکال کر علیحدہ کر لیں۔ زردیوں میں پالک ، بھیگے ہوئے بریڈ کرمز ، زیرہ پاؤڈر اور کٹی ہوئی سبز مرچ خوب اچھی طرح ملا دیں۔ انڈوں کی خالی سفید یوں میں یہ پالک والا مرکب بھر دیں۔
اب ایک انڈے میں تین چائے کے چمچ دودھ یا پانی ملا کر پھینٹ لیں۔ پھر انڈے، اس انڈے اور دودھ والے محلول میں ڈبو کر خشک بریڈ کرمز لگا کر آئل میں تل کر سنہری کر لیں۔ یہ چائے کے ساتھ اسی طرح پیش کیے جا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں سالن کی گریوی بنا کر ایک چکن کیوب گریوی میں ملا دیں۔ پھر اس میں پالک بھرے انڈے ڈال کر بطور سالن پیش کریں۔
ایگ فرائیڈ نوڈلز
درکار اجزاء:
نوڈلز۔ ایک کپ
تیل۔چار کھانے کے چمچ
ہری پیاز۔ چار عدد (1/2انچ کے قتلے کاٹل لیں)
لیموں (رس نکال لیں)۔ ایک عدد
لہسن کے جوے (چوپ کرلیں)۔ دو عدد
چکن بریسٹ۔ ایک عدد (بون لیس، سلائس کر لیں)
جھینگے (صاف کرلیں)۔ دو عدد
ووسٹر شائر سوس۔ ایک کھانے کا چمچ
سویا سوس۔ ایک کھانے کا چمچ
بران شوگر۔ ایک کھانے کا چمچ
انڈے۔ دو عدد
ہرا دھنیا۔ سجاوٹ کیلئے
ترکیب:
نوڈلز کو اُبلتے ہوئے پانی میں ڈال کر نرم ہونے تک پکائیں اور پھر پانی نتھار کر ایک طرف رکھ دیں۔ ایک فرائی پین میں تیل کی آدھی مقدار گرم کر کے اس میں ہری پیاز ڈال کر 2منٹ تک اسٹر فائی کریں۔ اس کے بعد نوڈلز، لیموں کا رس اور سویا سوس ڈال کر 2سے3 منٹ تک اسٹر فرائی کریں۔ اب اس کو ایک باؤل میں نکال کر رکھ دیں۔ اب تیل کی باقی مقدار گرم کریں اور اس میں لہسن ،چکن بریسٹ اورر جھینگے ڈال کر تیز آنچ پر اچھی طرح اسٹر فرائی کریں۔
اس کے بعد اس میں ووسٹر شائر سوس اور بران شوگر ڈالیں۔ اب انڈے بھی توڑ کر ڈال دیں اور ہلکے ہاتھ سے چلائیں۔ اس میں نوڈلز شامل کر کے ہلکے ہاتھ سے ٹوز کریں اور ہلکا سا گرم کر کے سرونگ ڈش میں نکال کر ہرے دھنیے سے گارنش کر کے پیش کریں۔