فرانس میں کورونا وائرس کا نیا ویریئنٹ سامنے آگیا

پیرس: فرانس میں کورونا وائرس کی ایک بالکل نئی تبدیل شدہ شکل سامنے آئی ہے جسے مقامی ماہرین نے ’’آئی ایچ یو‘‘ کا نام دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں طبی ماہرین نے ملک کے جنوبی علاقے میں کورونا وائرس کا نیا ویریئنٹ دریافت کیا ہے۔ نئے ویریئنٹ کی کیمرون سے آنے والے ایک شخص میں تصدیق ہوئی ہے۔

فرانسیسی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے ویریئنٹ کو پہلی بار گزشتہ ماہ کے اوئل میں دریافت کیا گیا تھا تاہم اب تک 12 کیسز سامنے آنے کے بعد اسے ایک نئے ویریئنٹ کے طور پر تسلیم کرکے عارضی طور پر ’’ آئی ایچ یو B.1.640.2‘‘ نام دیا گیا ہے۔

یہ واضح نہیں کہ آیا اس ویریئنٹ کی ابتدا وسطی افریقی ملک کیمرون میں ہی ہوئی یا اس کی جائے پیدائش کوئی اور ملک ہے تاہم اس حوالے سے تحقیق کی جارہی ہے۔

B.1.640.2 نامی نئی قسم کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں 46 میوٹیشنز اور 37 ڈیلیٹیشنز ہیں اور کورونا کی اس نئی تبدیل شدہ شکل سے ملک میں 12 افراد متاثر ہوئے جو ایک ہی علاقے میں رہتے ہیں اور سب میں معمولی علامات ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف 12 مریضوں میں اس نئی قسم کی تصدیق پر اس کی ہلاکت خیزی اور پھیلاؤ کی شرح سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ دستیاب ویکسین کے آئی ایچ یو کورونا پر اثرات کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت