دھرنا ڈیوٹی پر جانے والی پولیس بس الٹ گئی، اہلکار جاں بحق

حسن ابدال: دھرنا ڈیوٹی کے لیے اہلکاروں کو لے جانے والی بس الٹنے سے ایک اہلکار جاں بحق اور 25 شدید زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع اٹک کی تحصیل حسن ابدال کے علاقے بسال روڈ پر پولیس اہلکاروں سے بھری بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 25 شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس بس دھرنا ڈیوٹی کے لیے اہلکاروں لے کر جا رہی تھی، کہ بسال روڈ پر حادثے کا شکار ہوگئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، تاہم ایک پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جب کہ 25 کے قریب پولیس اہلکار شدید زخمی ہیں، جاں بحق ہونے والے اہلکار کا نام محمد جاوید ساکن سیالکوٹ بتایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز وین الٹنے کے باعث پولیس اہلکار کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے، جب کہ ہدایت جاری کی ہے حادثے میں زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہلکارکے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں ہمارے ماتھے کا تاج ہیں، میں شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔