چوہدری پرویز الہٰی اور دیگر کے خلاف 1 ارب سے زائد کا ریفرنس دائر

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور دیگر کے خلاف لاہور کی احتساب عدالت میں 1 ارب سے زائد کا ریفرنس دائر کر دیا۔

نیب ریفرنس میں پرویز الہٰی اور ان کے بیٹے مونس الہٰی کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور دیگر ملزمان قومی خزانے کو نقصان پہنچانے میں ملوث پائے گئے، انہوں نے غیر قانونی طور پر 116 ترقیاتی اسکیمیں منظور کرائیں۔

دائر کیے گئے ریفرنس کے مطابق پرویز الہٰی اور مونس الہٰی نے من پسند ٹھیکے داروں کو کنٹریکٹ دلوا کر رشوت لی، پرویز الہٰی نے 74 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد رقم رشوت اور کک بیکس کی مد میں لی۔

نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ اکاؤنٹنٹ کک بیکس کی رقم مونس الہٰی اور ان کی فیملی کے اکاؤ نٹس میں جمع کراتا رہا، مونس الہٰی نے 10 لاکھ 61 ہزار یوروز اپنے غیر ملکی بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائے۔

دائر نیب ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی کے فیملی ممبرز نے 304 ملین سے زائد رقم اپنے ذاتی اکاؤنٹس میں جمع کرائی، ملزمان تفتیش میں قصور وار پائے گئے۔

نیب ریفرنس میں استدعا کی گئی ہے کہ احتساب عدالت ٹرائل کر کے ملزمان کو سزا دے۔