بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار نتیش پانڈے دل کا دورہ پڑنے کے سبب 51 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نتیش کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب 2 بجے دل کا دورہ پڑا جو اتنا شدید تھا کہ وہ جانبر نہ ہوسکے اور دنیا چھوڑ گئے۔

اداکار کی موت کی تصدیق ان کے قریبی رشتے دار اور پروڈیوسر سدھارتھ نگر نے کی، انہوں نے بتایا کہ نتیش کی آخری رسومات بدھ کی شام ادا کی جائیں گی۔

نتیش پانڈے نے بھارت کی مشہور و مقبول ٹی وی سیریل ‘انوپما’ میں دھیرج کمار کا کردار ادا کیا تھا، وہ کئی سپر ہٹ بھارتی ڈراموں کا حصہ رہے۔

آنجہانی اداکار نے بھارت کی کئی سپر ہٹ سیریز ، ڈراموں اور فلموں میں بطور معاون اداکار کام کیا۔

اس کے علاوہ نتیش سپر ہٹ فلم اوم شانتی اوم ، دبنگ 2، بدھائی دو، کھوسلا کا گھوسلا سمیت دیگر فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

نتیش پانڈے کی یوں اچانک موت پر ساتھی اداکار غم سے نڈھال ہیں اور سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ اداکار نتیش پانڈے انتہائی مزاحیہ طبیعت اور زندہ دل انسان تھے۔