اسلام آباد میں کسی بھی قسم کی ریلی اور اجتماع کی صورت میں کارروائی ہوگی، پولیس

اسلام آباد پولیس نے واضح کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہونے کیوجہ سے کسی بھی قسم کی ریلی، اجتماع اور خطاب کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر کے کارکنان اور عوام کو صبح دس بجے پُرامن طور پر اسلام آباد کے سری نگر ہائی وے جی تیرہ میں جمع ہونے کی کال دی ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے ہزاروں پُرامن پاکستانی عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوں گے اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی سرینگر ہائی وے پر شرکا سے خطاب کریں گے۔

بعد ازاں پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کی وجہ سے اسلام آباد میں کسی بھی ریلی ، اجتماع یا خطاب کی اجازت نہیں ہوگی۔

پولیس ترجمان نے اعلامیے میں کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ جی ٹین اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں جبکہ احتجاج کی کال دینے والوں سے گزارش ہے کہ نقص امن کا باعث نہ بنیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ اسلام آباد پولیس قیام امن عامہ کےلیے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ سیاسی ورکرز سے گزارش ہے کہ قانونی عمل میں رکاوٹ نہ بنیں۔ احتجاج کےلیے اکسانے والے افراد کی معلومات حاصل کی جارہی ہیں، جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔