ایشیا کپ کی افتتاحی تقریب میں آئمہ بیگ اور نیپالی گلوکارہ تریشالا گرونگ پرفارم کریں گی

پاکستان میوزِک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ اور نیپالی گلوکارہ تریشالا گرونگ آج ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی ایشیا کپ کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کریں گی۔

اولیاء کی سرزمین کہلایا جانے والا شہر ملتان آج ایشیا کپ 2023ء کے پہلے میچ کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ’آج شائقین براہ راست آتش بازی کے خوبصورت نظارے، آئمہ بیگ اور نیپالی گلوکارہ تریشالا گرونگ کی پرفارمنس اور پاکستان اور نیپال کے درمیان افتتاحی میچ سے لطف اندوز ہوں گے‘۔

آئمہ بیگ تو اس سے پہلے بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ترانوں میں اپنی آواز کا جادو جگا چکی ہیں لیکن نیپالی گلوکارہ تریشلا گرونگ پاکستانی شائقین کے لیے بالکل ایک نئی آواز ہیں۔

اس ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ کا حالیہ ایڈیشن 30 اگست سے 17 ستمبر کے درمیان پاکستان اور سری لنکا میں منعقد ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کے تمام میچز پاکستان میں نہیں کھیلے جائیں گے کیونکہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔

اس ایونٹ کے 4 میچز پاکستان میں جبکہ فائنل میچ سمیت 9 میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔