میئر کے الیکشن میں حافظ نعیم الرحمان کو سپورٹ کریں گے: اکرم چیمہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر اکرم چیمہ کا کہنا ہے کہ میئر کے الیکشن میں حافظ نعیم الرحمان کو سپورٹ کریں گے۔

صدر پی ٹی آئی کراچی اکرم چیمہ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی کے انتخابات میں پی ٹی آئی حافظ نعیم الرحمان کو سپورٹ کرے گی۔

اکرم چیمہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے کسی امیدوار کو ڈپٹی میئر کا فارم جمع کروانے کا نہیں بولا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے میئر کراچی کے الیکشن کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔

چیئرمین اور کونسلرز کے نام خط میں صوبائی صدر تحریک انصاف نے حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ 15 جون کو میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کا انتخاب ہوگا۔

جماعت اسلامی کی طرف سے کراچی کی میئر شپ کیلئے حافظ نعیم الرحمان امیدوار ہیں، جن کے کاغذاتِ نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کر لیے گئے۔

جماعت اسلامی کے میئر کے دیگر امیدواروں سیف الدین اور جنید مکاتی کے بھی کاغذاتِ نامزدگی منظور ہوگئے۔

جماعت اسلامی کے ڈپٹی میئر کے امیدوار قاضی سید صدر الدین اور سیف الدین کے کاغذاتِ نامزدگی بھی منظور کر لیے گئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کراچی کے میئر کے امیدوار ہیں۔