عالیہ بھٹ بالی ووڈ کے بعد ہالی ووڈ میں بھی جلوے بکھیرنے کیلئے تیار

ممبئی: اداکارہ عالیہ بھٹ بالی ووڈ کے بعد اب ہالی ووڈ میں بھی جلوے بکھیرنے کے لیے تیار ہیں۔

حال ہی میں فلم ’’گنگو بائی کاٹھیا واڑی‘‘ میں اپنی بہترین پرفارمنس سے فلمی تجزیہ نگاروں کو متاثر کرنے والی اداکارہ عالیہ بھٹ اب ہالی ووڈ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عالیہ بھٹ ہالی ووڈ اداکارہ گال گیڈوٹ اور اداکار جیمی ڈورنان کے ساتھ فلم ’’ہارٹ آف اسٹون‘‘ میں ڈیبیو کریں گی۔

بین الاقوامی جاسوس تھرلر فلم کی ہدایت ٹام ہارپر دیں گے جب کہ اسے نیٹ فلکس پر دکھایا جائے گا۔

یہ اعلان نیٹ فلکس انڈیا کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈلز کے ذریعے کیا گیا۔ جس میں بتایا گیا کہ عالیہ بھٹ ’’ہارٹ آف اسٹون‘‘ کی کاسٹ میں شامل ہوں گی۔

واضح رہے کہ عالیہ بھٹ سے قبل بالی ووڈ کے دیگر فنکار بھی ہالی ووڈ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جن میں پریانکا چوپڑا، دپیکا پڈوکون، ایشوریا رائے بچن، انیل کپور، علی فضل اور عرفان خان شامل ہیں۔