پاکستان بھر میں’ایکس‘ 40 گھنٹوں کی بندشی کے بعد بحال ہوگیا

پاکستان بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ سابق ٹوئٹر تقریباً 40 گھنٹوں کی بندشی کے بعد بحال ہوگیا ہے۔

پاکستان بھر میں سوشل میڈیا سائٹ ایکس کی سروس17 فروری کی شام ڈاون ہوئی تھی۔

ایکس تک رسائی نہ ہونے کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس کی بندش کے حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں ایکس کی سروس مکمل طور پر بحال ہونے سے قبل گزشتہ روز آدھا گھنٹہ جبکہ آج صبح کچھ دیر بحال ہونے کے بعد پھر ڈاون ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رئیل ٹائم انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بندش اور مانیٹرنگ سروس Downdetector.pk کے مطابق پاکستان میں ہفتے کی رات 9 بجے سے ایکس ڈاؤن ہے، صارفین کی شکایت ہے کہ انہیں ٹوئٹس اور نئی پوسٹس دیکھنے میں پریشانی ہو رہی ہے۔

ان کے مطابق صارفین ایکس تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے تھے، جب بھی اسے لوڈ کیا جارہا تھا تو اسکرین پر ‘this site can’t be reached’ کا نوٹیفکیشن نظر آرہا تھا۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق رات 9 بج کر ایک منٹ کے قریب ایکس کی بندش کی کم از کم 185 رپورٹیں موصول ہوئیں تھیں جو رات 9:24 بجے تک بڑھ کر 239 ہو گئیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پچھلے دنوں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سروسز متعدد بار تعطل کا شکار ہوئیں۔

دوسری جانب سائبر سکیورٹی واچ ڈاگ، نیٹ بلاکس نے بھی پاکستان میں ایکس کی بندش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں میں پاکستان بھر میں کئی مرتبہ انٹرنیٹ سروسز سمیت سوشل میڈیا سائٹس ڈاؤن ہو چکی ہیں۔

خاص طور پر عام انتخابات 2024 کے تناظر میں جاری صورتحال کے پیش نظر اکثر سروسز متاثر رہیں۔

اس سے قبل ایکس مئی 2023 میں عالمی بندش کا شکار ہوا تھا، جب دنیا بھر کے صارفین کی جانب سے بڑی تعداد میں شکایات کی گئیں۔