معروف دینی سکالر سنئیر کالم نگار پیر ضیا الحق نقشبندی کے بڑے بھائی کمال مرتضی نقشبندی قضائے الہی سے نارووال میں انتقال کر گئے ہیں. ان کی نمازہ جنازہ آج 12نومبر کو 2بجے مالوکے بس سٹاپ (صادق آباد)ظفروال روڈ ضلع مزید پڑھیں
شادی کی تقریب کے دوران ہونے والی فائرنگ سے 11 سالہ بچی جاں بحق
کراچی: اورنگی ٹاؤن میں شادی کی تقریب کے دوران ہونے والی فائرنگ سے 11 سالہ مدیحہ جاں بحق ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں شادی کی تقریب کے دوران ہونے والی فائرنگ سے 11 سالہ بچی مدیحہ جاں بحق ہوگئی، پولیس کے مطابق بچی کو سر پر سامنے سے گولی لگی جو پار ہوگئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کے لواحقین نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا اور میت اسپتال سے سرد خانے لے گئے، ایس ایچ او اقبال مارکیٹ انسپکٹر اخلاق احمد پولیس کارروائی کے لیے چھیپا سرد خانہ پہنچ گئے، اور ایس ایس پی غربی سہائی عزیز کی کوششوں سے لواحقین پوسٹ مارٹم کے لئے راضی ہوگئے۔
لواحقین کا بیان ہے کہ مقتولہ مدیحہ تین بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھی، علاقے میں سیاسی جماعت کے علاقائی عہدیدار کے بھائی کی شادی کی تقریب تھی، مدیحہ گھر کی کھڑکی سے شادی کی تقریب دیکھ رہی اور کچھ افراد فائرنگ کر رہے تھے، اسی دوران ایک اندھی گولی بچی کے ماتھے پر لگی جو آر پار ہوگئی اور بچی کی موقع ہی موت واقع ہوگئی۔
دوسری جانب مقتولہ مدیحہ کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں بچی کا پوسٹ مارٹم مکمل ہوگیا ہے۔ ایم ایل او عباسی شہید ڈاکٹر ام ایمن کا کہنا تھا کہ مدیحہ کو سر کے عقب میں گولی لگی اور ماتھے سے باہر نکلی، بچی کو گولی کافی دور سے لگی تھی۔ پولیس نے قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پڑوس کے گھر میں شادی تھی اور وہاں ہوائی فائرنگ کی جارہی تھی، اور شبہ ہے مدیحہ افضل ہوائی فائرنگ سے جاں بحق ہوئی، ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کی تلاش جاری ہے، اس حوالے سے پڑوسیوں سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔