فنگل انفیکشن ہسٹو پلازموسس کے اسلام آباد میں پھیلنے کا انکشاف

انتہائی کم ہونے والے فنگل انفیکشن ہسٹو پلازموسس کے اسلام آباد میں پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔

پمز اسپتال کے انفیکشن ڈیزیز ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر نسیم اختر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں فنگل انفیکشن ہسٹو پلازموسس کے 2 کیسز سامنے آئے ہیں۔

ڈاکٹر نسیم نے بتایا ہے کہ فنگل انفیکشن ہسٹو پلازموسس سے 1 شخص جاں بحق ہو چکا ہے جبکہ دوسرا صحت یاب ہو رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہسٹو پلازموسس کے متعلق یہ خیال تھا کہ یہ بیماری پاکستان میں نہیں پائی جاتی، 2 مریضوں کی جانچ کر کے اس مرض کا پتہ چلایا۔

ڈاکٹر نسیم اختر کا کہنا ہے کہ اب تک پاکستان کے کسی اور خطے سے ہسٹو پلازموسس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ پمز اسپتال میں یورینری ہسٹو پلازما اینٹی جن کے ٹیسٹ کی سہولت دی جائے۔

ڈاکٹر نسیم اختر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پمز اسپتال میں دیگر جدید ٹیسٹ اور اینٹی وائرل اور اینٹی فنگل ادویات بھی دی جائیں۔