برقع پہن کر فیملیز کو لوٹنے اور ہراساں کرنے والا گروہ گرفتار

لاہور: باغبان پورہ پولیس نے شالا مار باغ میں آنے والی فیملیز کو لوٹنے، انہیں ہراساں و تنگ کرنے والے گروہ کے دو ارکان کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چند روز میں دو برقع پوش افراد کو پکڑے جانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، ملزمان نقلی پستول دکھا کر عوام کو لوٹتے اور برقع کی آڑ میں لڑکیوں کو ہراساں و تنگ کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں ملزمان عمر اور زین شامل ہیں، ملزمان شالا مار باغ کے اندر جا کر برقع پہنتے تھے جسے اوڑھ کر وہ نقلی پستول سے عوام کو لوٹتے، لوگوں سے رقم، قیمتی چیزیں لے کر فرار ہوجاتے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے نقلی پستول برآمد ہوا ہے، ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔