ارشد وارثی نے خود کوunderratedاورunderuse آرٹسٹ قرار دے دیا

بالی ووڈ کے معروف اداکار ارشد وارثی نے خود کو انڈر ریٹیڈ ’underrated‘ اور انڈر یوز ’underuse‘ آرٹسٹ قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار ارشد وارثی نے حالیہ انٹرویو میں اپنے متعلق بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ فلم انڈسٹری نے انہیں صحیح طرح استعمال نہیں کیا اور نہ ہی اِن کی اُس طرح قدر کی گئی جس طرح کی جانی چاہیے تھی۔

منا بھائی ایم بی بی ایس، جولی ایل ایل بی، ہلچل، لگے رہو منا بھائی جیسی فلموں میں کچھ انتہائی شاندار پرفارمنس دینے والے اداکار نے اعتراف کیا ہے کہ اگر انہیں موقع دیا جاتا تو وہ مزید کام کر سکتے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار نے میزبان کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’میں جانتا ہوں کہ میں بہت کچھ کر سکتا ہوں یا میں اور بھی بہت کچھ کر سکتا تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہوسکتا ہے کہ تمام اداکاروں کو ایسا لگتا ہو لیکن ہاں یہ سچ ہے کہ مجھے لگتا ہے کہ میں نے جتنا کام کیا میں اس سے زیادہ اور مزید بہتر کام کرسکتا تھا مجھے صحیح سے استعمال نہیں کیا گیا‘۔

55 سالہ اداکار نے مزید کہا کہ ’ایسے کئی پروجیکٹس تھے جو مجھے آفر ہوئے اور میں ان میں شاندار پرفارمنس دے سکتا تھا لیکن آخر وقت میں وہ پروجیکٹس کسی اور کو دے دیے گئے لیکن مجھے لگتا ہے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا‘۔