ایشین ہاکی چیمپئنز :بھارت جانے کےلیےپی ایچ ایف کو ڈھائی کروڑ روپے مل گئے

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے سلسلے میں بھارت جانے کےلیے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو ڈھائی کروڑ روپے مل گئے تاکہ دوران ٹور کھلاڑیوں کے یومیہ الاؤنس نہ ملنے جیسی خبریں سامنے نہ آسکیں۔ یہ ڈھائی کروڑ کا چیک پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے دیا گیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری اور ٹیم بھارت بھیجنے کےلیے فنڈز درکار تھے جو پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے دے دیے۔

پی ایس بی کی جانب سے پی ایچ ایف کو 25 ملین کا چیک دیا گیا، یہ چیک بین الصوبائی رابطہ کے وزیر احسان مزاری اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پی ایس بی شعیب کھوسہ کی خصوصی ہدایت پر دیا گیا۔

پی ایچ ایف کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کی گئی گرانٹ کا خصوصی چیک پاکستان اسپورٹس بورڈ سے وصول کیا۔

اس موقع پر انہوں نے حکومت پاکستان، وزارت بین الصوبائی رابطہ کے وزیر احسان الرحمٰن مزاری اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل شعیب کھوسو کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے خصوصی گرانٹ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی شرکت کے حوالہ سے انتظامات کے سلسلہ میں جاری کی گئی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی کھیل کی بہتری اور انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی بھرپور نمائندگی کے لیے کوشاں ہے۔

پی ایچ ایف کی جانب سے بھجوائی گئی انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی اور ٹیم کی حالیہ شاندار کارکردگی کو نہ صرف شائقین ہاکی نے سراہا بلکہ حکومت پاکستان، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پی ایس بی نے پاکستان ہاکی کو خصوصی گرانٹ بھی جاری کی ہے۔