واٹس ایپ صارفین کیلئے بری خبر

معروف میسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کو مستقبل میں ایپلیکیشن میں ہونے والی ایک نئی تبدیلی کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے جو کئی صارفین کے لیے پریشان کُن ہے۔

واٹس ایپ اب صارفین کو چیٹ بیک اپ کے لیے ’لامحدود اسٹوریج‘ کی سہولت کو ختم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

واٹس ایپ صارفین کے لیے گوگل کے ساتھ بیک اپ کی لامحدود سہولت کو جلد ختم کر دے گا اور اپنے صارفین کو اس بارے میں آگاہ بھی کرے گا۔

اس حوالے سے ویب سائٹ وابیٹا انفو پر بتایا گیا ہے کہ کمپنی جلد ہی اس تبدیلی کو بیٹا ٹیسٹرز کے لیے رول آؤٹ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس کے بعد اگلے سال یہ تبدیلی تمام صارفین کے لیے متعارف کروا دی جائے گی۔

یہ تبدیلی تمام صارفین کے لیے لاگو ہونے کے بعد واٹس ایپ بیک اپ فیچر کو آئی او ایس کے برابر لے آئے گا جس کی وجہ سے صارفین بغیر کسی اضافی لاگت کے اپنے واٹس ایپ ڈیٹا کا بیک اپ لینا جاری رکھ سکیں گے لیکن اس شرط پر کہ ان کے پاس اپنے گوگل اکاؤنٹ پر ڈیٹا کو اسٹور کرنے کے لیے 15 جی بی کی جگہ دستیاب ہو یا کوئی دیگر اضافی اسٹوریج سبسکرپشن جیسے کہ گوگل وَن (Google One) موجود ہو۔

اینڈرائیڈ پر لامحدود واٹس ایپ بیک اپ کی سہولت کا خاتمہ یقینی طور پر ان صارفین کو متاثر کرے گا جنہوں نے ’لا محدود ڈیٹا بیک اپ‘ کی سہولت سے گزشتہ کئی سالوں سے خوب فائدہ اٹھایا ہے۔