بلوچستان: نوشکی اور پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملہ؛ 4 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں پنجگور اور نوشکی میں دہشت گردوں کی کیمپوں پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار مسلح افراد کو مقابلے میں ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا، دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی نے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق فائرنگ کے دوران ایک اہلکار زخمی ہوا ہے، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نوشکی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کا ’فوری جواب‘ دیا گیا۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔

اس سے قبل ایف سی کے ترجمان نے پنجگور اور نوشکی میں کیمپوں کے قریب 2 دھماکوں کی تصدیق کی اور بتایا تھا کہ دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا اظہار مذمت

دوسری جانب وزیراعلی بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے نوشکی اور پنجگور میں ایف سی کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی مزمت کی ہے۔

انہوں نے سیکیورٹی فورسز کو جرات دکھانے اور دہشت گردوں کے حملے ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کو مرعوب نہیں کرسکتے۔

وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری سیکیورٹی فورسز تاریخ رقم کر رہی ہیں، دہشت گرد یاد رکھیں ان کا مقابلہ دنیا کی بہترین فوج سے ہے جو انہیں ہر محاز پر شکست سے دوچار کرے گی۔