کابینہ اجلاس جاری، بازار 7 بجے بند، ہفتے کی چھٹی متوقع

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں مارکیٹیں شام 7بجے بند اور ہفتے کی چھٹی کی بحالی کی منظوری متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں 4 نکاتی ایجنڈا پیش کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کی سال 2021 کی رپورٹ کابینہ میں پیش ہوگی۔

کابینہ کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش ہوگی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا پلان پیش کیا جائے گا، پاور ڈویژن کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کا پلان بھی پیش کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں مارکیٹیں شام 7 بجے بند اور ہفتے کی چھٹی کی بحالی کی منظوری بھی متوقع ہے۔

وفاقی کابینہ 3 جون کو کیے گئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، وفاقی کابینہ میں کفایت شعاری مہم سے متعلق تجاویز پیش ہوں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام کی مراعات کم کرنے کی منظوری دے گی۔

کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو اور مشاورت بھی ہوگی۔