چیف جسٹس صاحب آپ اپنی کرسی کو عمران کی سیاست کیلئے استعمال کر رہے ہیں:مریم نواز

ن لیگ کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے چیف جسٹس صاحب آپ اپنی کرسی کو عمران کی سیاست کیلئے استعمال کر رہے ہیں، خود کو عمران کی سیاست کیلئے استعمال کرنے پر سیاسی ردعمل کیلئے تیار رہیں۔

اپنی ٹوئٹ میں مریم نے کہا کہ چیف جسٹس ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ ریاست کو ایک شخص کی غلامی میں دے دیا جائے، اس شخص نے پالتو غنڈوں کے ذریعے قومی وقار اور ملکی دفاع کی علامات کو جلا کر راکھ کر دیا، ایسے شخص کو مقدمات میں گرفتاری سے روکا ، شاہی مہمان بنا کر رکھا، نخرے اٹھائے، یہ سب کام ہر پاکستانی اور ان شہداء اور غازیوں کی توہین ہے جن کی ہر نشانی پر حملہ کیا گیا۔

مریم نے مزید کہا کہ چیف جسٹس صاحب آپ ملکی تقدیر سے کھیلنے والے ایک دہشت گرد کے سہولت کار بنے جس کے بعد آپ اپنا وقار کھو چکے ہیں، فتنہ گرفتاری کے ڈر سے عدالت میں چھپا بیٹھا ہے، کیا مجرم کو عدالت کو اپنی پناہ گاہ بنانے کی اجازت دینا کوئی نیا قانون ہے؟