عمران خان کے گھر کے سرچ وارنٹ کے معاملے پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنرعدالت میں پیش

عمران خان کے گھر کے سرچ وارنٹ کے معاملے پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوگئے۔

جج عبہر گل نے پوچھا کہ آپ عمران خان کے گھر کس مقصد کے لیے گئے تھے، کیا سرچ وارنٹ پر عملدرآمد کرا لیا ہے؟

عدالت میں کمشنر نے جواب دیا کہ ہم زمان پارک کے باہر تجاوزات ہٹانے کے لیے عمران خان کے گھر گئے تھے، ہم نے سرچ وارنٹ پر عملدرآمد تاحال نہیں کیا۔

کمشنر لاہور نے کہا کہ عمران خان زمان پارک کے باہر سے تجاوزات ہٹانے کے لیے رضا مند ہوگئے تھے۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ آپ کو عمران خان کے گھر کے سرچ وارنٹ ابھی درکار ہیں؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ مہلت دی جائے افسران سے مشاورت کے بعد جواب دوں گا۔

عدالت نے ڈی آئی جی کو ذاتی حیثیت میں بھی پیش ہونے کا حکم دے دیا۔