مریم نواز سمیت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں کی قومی ٹیم کو مبارک باد

پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی20 ورلڈکپ میں پہلا سیمی فائنل جیتنے پر مریم نواز سمیت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں نے مبارک باد دی ہے۔

قومی ٹیم کے ایونٹ میں پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دینے پر مریم نواز، رانا ثناء اللّٰہ، مریم اورنگزیب اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پیغامات جاری کیے۔

مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں قومی ٹیم کو چیمپئن کہہ کر مخاطب کیا اور انہیں شاندار جیت پر مبارک باد دی اور کہا کہ ویلڈن چیمپئنز! پاکستان زندہ باد۔

رانا ثناء اللّٰہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کرکٹ ٹیم کو مبارک ہو، فائنل کے لیے گرین شرٹس کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف فتح مبارک ہو، انشاء اللّٰہ پاکستان اتوار کو ٹرافی جیتے گا۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے قومی ٹیم کو ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آج کے میچ میں گرین شرٹس نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، پوری قوم کو ٹیم پر فخر ہے۔