بیرونِ ملک سے آنے والے کورونا پازیٹیو مسافروں کو گھروں میں قرنطینہ کرنا ہوگا، نئی پالیسی جاری

اسلام آباد: بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے نئی قرنطینہ پالیسی جاری کردی جس کے تحت کورونا مثبت افراد کو اپنے گھروں میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے سینٹرل قرنطینہ پالیسی کو منسوخ کر کے نئی پالیسی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

نئی پالیسی کے مطابق بیرون ملک سے پاکستان پہنچنے والے مسافروں کو ایئرپورٹ، بارڈر ٹرمینل پرریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا جس کی رپورٹ مثبت آنے پر انہیں اب گھروں میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کورونا مثبت ہونے والے مسافروں کو دس روز گھروں میں قرنطینہ کرنا ہوگا جبکہ سرکاری قرنطینہ سینٹرز میں موجود مسافروں کو گھر منتقل کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کورونا کے پیش نظر این سی او سی نے بیرونِ ملک سے آنے والے مسافروں کے ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر کو لازمی قرار دیا ہے، جس کی رپورٹ مثبت آنے پر انہیں گھر جانے کے بجائے مقررہ قرنطینہ سینٹر منتقل کیا جاتا ہے۔