ملک میں کرپشن بڑھتی جا رہی ہے، کرپشن کیسز میں ریکوریز بڑھ رہی ہیں:چیئرمین نیب

چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن بڑھتی جا رہی ہے، کرپشن کیسز میں ریکوریز بڑھ رہی ہیں

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نذیر احمد بٹ نے کہا کہ ہم پہلے نیب کی اصلاح کر رہے ہیں، قوم نے ہمیں جو ذمے داری دی ہے اس کو پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیب افسران کم سے کم وقت میں کیسز نمٹائیں، متاثرین کی مدد کے لیے نئی پالیسی بنا رہے ہیں۔

چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ میرا وعدہ ہے کہ نیب کو اس کا کھویا ہوا وقار واپس دلائیں گے، ہمارا اصل مقصد کرپشن اور وائٹ کالر جرائم کا خاتمہ ہے۔

نذیر احمد بٹ نے کہا کہ ہماری کوششوں کے نتائج کچھ عرصے بعد نظر آ جائیں گے، ملزمان کو سزا دینا عدلیہ کا کام ہے، مروجہ قوانین کو اپڈیٹ کرنا بھی نیب کی ایک بڑی ذمے داری ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم خاموشی کے ساتھ اپنے کام میں لگے رہیں گے، متاثرین کی حق حلال کی کمائی کو تحفظ دیں گے، نئی قانون سازی سے ہاؤسنگ سیکٹر میں کسی کو دھوکہ دینا مشکل ہو گا، ہم خندہ پیشانی سے نکتہ چینی برداشت کریں گے۔