عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں کی جائےگی لیکن اگر جواز بنا تو ضرور گرفتار کیا جائےگا:رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 17 مئی تک عمران کی گرفتار ی سے روکنے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کوئی مثال نہیں ملتی، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں کی جائےگی لیکن اگر جواز بنا تو ضرور گرفتار کیا جائےگا۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کل سپریم کورٹ میں جو ہوا اس کی مثال نہیں ملتی، ملک میں جو کچھ ہوا عمران خان کی ایما پر ہوا، کل کی سہولت کاری نہ ہوتی تو دو تین دن میں صورتحال کنٹرول کرلیتے۔

رانا ثنا نے مزید کہا کہ دفاعی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کیخلاف قانون اپنا راستہ لے گا، حکومت کی طرف سے کوئی رعایت نہیں دی جائےگی، وزیر داخلہ نے ایمرجنسی کے نفاذکی خبروں کو بھی رد کیا اور کہا کہ اس پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔