پاکستان کرکٹ ٹیم پر تنقید، فاطمہ بھٹو کا اسرائیلی حکومت کو کرارا جواب

معروف پاکستانی مصنفہ فاطمہ بھٹو نے اسرائیلی حکومت کو پاکستان کی کرکٹ ٹیم پر تنقید کرنے اور ورلڈ کپ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف میچ میں شکست پر خوشی کا اظہار کرنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔

اسرائیلی حکومت نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر موجود اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر ورلڈ کپ 2023ء کے پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان کی شکست پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ بھارت ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں فتح یاب ہوا اور پاکستان اپنی فتح حماس کے نام کرنے سے قاصر رہا۔

یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹر محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف میچ میں حاصل ہونے والی شاندار کامیابی کو فلسطینی بہن بھائیوں کے نام کیا تھا۔

فاطمہ بھٹو نے اسرائیلی حکومت کی جانب سے کی گئی اس پوسٹ پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ اگر متبادل کی عوامی سطح پر ایک نسل کشی کرنے والی ایسی ریاست کی جانب سے حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جس نے 7 دنوں میں 724 بچوں کو قتل کیا تو ہم آخری وقت تک کرکٹ میچز ہارنے پر خوش ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد تقریباً 2 ہزار 900 ہوگئی ہے۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والوں میں 856 بچے بھی شامل ہیں۔