پی سی بی کا گیری کرسٹن اور جیسن گلسپی کو کوچز مقرر کرنے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گیری کرسٹن اور جیسن گلسپی کو کوچز مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کے لیے بھی اشتہار دے دیا گیا اس طرح وائٹ بال اور ریڈ بال کے ہیڈ کوچز کی تلاش مکمل ہونے کے بعد اب اسسٹنٹ کوچ کی بھی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

اسسٹنٹ کوچ کے لیے 20 اپریل تک خواہش مند امیدوار درخواستیں جمع کرا سکیں گے، اسسٹنٹ کوچ ریڈ بال اور وائٹ بال کے کوچ کا معاون ہو گا۔

پی سی بی اسسٹنٹ کوچ کے لیے کم از کم لیول ٹو کوچ ہونا ضروری ہے، اس کے ساتھ انٹرنیشنل ٹیم، فرنچائز یا ڈومیسٹک ٹیم کے ساتھ 3 سال کا تجربہ بھی ضروری قراردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ہیڈ کوچز کے لیے پی سی بی نے بات پکی کر لی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گیری کرسٹن اور جیسن گلسپی کو کوچز مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گیری کرسٹن وائٹ بال جبکہ جیسن گلسپی ریڈ بال کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔

پی سی بی رسمی کارروائیوں کے مکمل ہونے کا منتظر ہے، رسمی کارروائی مکمل ہونے پر باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔