سمندری طوفان بپرجوائے کمزور ہو کر ڈپریشن بن گیا

سمندری طوفان بپرجوائے کمزور ہو کر ڈپریشن بن گیا جو کہ تھرپارکر اور بھارتی راجستھان پر موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی راجستھان میں ڈپریشن کمزور ہو کر لو پریشر ایریا میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ اور بدین میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران ہواؤں کی رفتار 30 سے 40 اور جھکڑ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو چھو سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ٹھٹھہ، سجاول اور میرپورخاص میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ماہی گیر اپنی سرگرمیوں کا آغاز آج سے کر سکتے ہیں جبکہ سندھ کے ماہی گیر کل سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کریں۔