ملک بھر میں دو روز کے لیے موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ

حکومت نے یوم عاشور کی مناسبت سے ملک بھر میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے متعدد اضلاع سمیت ملک بھر کے 70 سے زائد اضلاع میں موبائل سروس بند رکھنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، فون سروس پیر کی صبح سے بند کردی جائے گی۔

وفاقی حکومت نے امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے صوبائی حکومتوں کی معاونت سے حساس ترین اضلاع کی ایک فہرست تیار کی ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکورٹی خدشات کے پیش نظر مذکورہ تمام اضلاع نویں محرم الحرام کو صبح نو سے رات12 بجے اور 10 محرم کو صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک موبائل سروس بند رہے گی۔

واضح رہے کہ 8 محرم الحرام کو کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں صبح سے موبائل سروس غیر اعلانیہ بند تھی، جو رات گئے بحال ہوئی۔