اے این پی اور گورنر خیبر پختونخوا کے درمیان اختلافات سامنے آگئے

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کے درمیان اختلافات سامنے آگئے۔

اے این پی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی نے وزیراعظم شہباز شریف کو گورنر کے رویے سے متعلق آگاہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ گورنر کا عہدہ سیاسی فائدوں کےلیے استعمال ہو رہا ہے۔

ایمل ولی نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ ہے، وفاق اپنے نمائندے کو آئینی دائرہ اختیار سے تجاوز سے منع کرے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گورنر نے مداخلت بند نہیں کی تو ہم اپنا راستہ اختیار کریں گے۔

واضح رہے کہ ایمل ولی خان نے چند روز قبل وزیراعظم سے ملاقات میں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔