گالف کلب میں حملہ آور بگلوں کو بھگانے کے لیے عقاب بھرتی کرلیے گئے

اسکاٹ لینڈ: اسکاٹ لینڈ کے گالف کلب کے کھلاڑی سمندری بگلوں (سی گل) سے بہت پریشان تھے اور اب علاج کے طور پر انہیں بھگانے کے شکاری عقاب پالے گئے ہیں۔

ملک کے مشرقی ساحل پر سینٹ اینڈریو کا علاقہ گالف کے میدانوں کے ضمن میں عالمی شہرت رکھتا ہے لیکن یہاں کے لوگ سمندری بگلوں سے پریشان ہیں جو لوگوں کے ہاتھ سے کھانے کی اشیا لے کر اڑجاتے ہیں اور یہاں تک کہ کسی بم کی طرح انسانی سر سے ٹکراکر انہیں ٹھونگیں تک مارتے ہیں۔

اوپن چیمپیئن شپ نامی گالف کا ایک مشہور مقابلہ جلد ہی یہاں منعقد ہوگا اور خدشہ ہے کہ شرارتی بگلے ہزاروں مداحوں کو سخت پریشان کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب گالف کھیلتے ہوئے کھانا پینا بھی مشکل ہوجائے گا کیونکہ یہ پرندے کسے اور کے ہاتھ میں کھانا دیکھ کر اسے اچک لیتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ گالف کورس میں دو عقاب اور ایک شکاری الو بھی بھرتی کیا گیا ہے اور انہیں مقابلے لیے کرائے پر لیا گیا ہے۔ ان پرندوں کے مالکان خونخوار عقابوں کو لے کر گالف کورس میں چہل قدمی کریں گے اور جوں ہی پرندے کی عقابی نگاہوں میں کوئی سمندری بگلا آتا ہے تو یہ تیزی سے اڑ کر اسے پکڑنے کی کوشش کرے گا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس طرح بگلوں سے محفوظ یہ طویل مقابلہ خوش اسلوبی سے منعقد ہوسکے گا۔

عقابوں کے مالکان کہتے ہیں کہ سمندری بگلوں کی نگاہ بہت تیز ہوتی ہے اور جب انہیں ہمارے بازو پر بیٹھے شکاری عقاب دیکھیں گے تو خود ہی قریب آنے سے احتراز کریں گے۔