14مئی کو انتخابات کا حکم، الیکشن کمیشن کی نظر ثانی درخواست پر سماعت آج ہوگی

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کے حکم کے 4 اپریل کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی نظرثانی کی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔

14 مئی گزرگیا اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق پنجاب میں عام انتخابات نہ ہوسکے۔

چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں3 رکنی خصوصی بینچ کیس کی سماعت 12:30 بجے کرےگا، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر 3 رکنی بینچ کا حصہ ہیں۔

الیکشن کمیشن نے 14مئی کو انتخابات کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 4 اپریل کو اپنے فیصلے میں حکم دیا تھا کہ پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات شفاف، غیرجانبدارانہ اور قانون کے مطابق کرائے جائیں، وفاقی حکومت 10 اپریل تک الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپےکا فنڈ جاری کرے، الیکشن کمیشن 11 اپریل کو سپریم کورٹ میں فنڈ مہیا کرنےکی رپورٹ جمع کرائے، الیکشن کمیشن فنڈ کی رپورٹ بینچ ممبران کو چیمبر میں جمع کرائے۔

دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سپریم کورٹ باہر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تمام سیاسی جماعتوں کو سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کی دعوت دی ہے۔