پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ،ارکان اسمبلی کی آمد کا سلسلہ شروع

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ارکان اسمبلی کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

پنجاب اسمبلی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور قیدیوں کی گاڑی بھی پہنچا دی گئی ہے۔

سیکریٹری پنجاب اسمبلی عامر حبیب کا کہنا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ایوان میں 2 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، پولنگ بوتھ کو مکمل کور کیا گیا ہے۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہو گا، اسپیکر کے لیے ن لیگ کے ملک احمد خان اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ملک ظہیر اقبال جنڑ امیدوار ہیں۔

اسپیکر کے لیے سنی اتحا کونسل کے ملک احمد خان بچھڑ اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے معین ریاض قریشی امیدوار ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے 371 کے ارکان میں سے 321 اراکین نے گزشتہ روز حلف اٹھایا تھا جس میں مسلم لیگ ن 193 ارکان کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل 98 ارکان کے ساتھ ایوان میں دوسری بڑی جماعت ہے۔

ایوان میں پیپلز پارٹی کے 13 اور مسلم لیگ ق کے 10 ارکان ہیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے 5 ، تحریک لبیک اور مسلم لیگ ضیاالحق کا ایک ایک رکن ہے۔

مسلم لیگ ن کو پیپلز پارٹی، ق لیگ اور آئی پی پی کی بھی حمایت حاصل ہے۔