سرطان کی وجہ بننے والے جین کو بے اثر کرنے والی دوا کے حوصلہ افزا نتائج

بارسلونا: کینسر کی وجہ بننے والے جین کو بے اثر کرنے کا ایک نیا علاج سامنے آیا ہے اور اب تک انسانی تجربات سے اس کے بہت حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔

سائنسدانوں نے اس دوا کو او ایم او 103 کا نام دیا ہے جو بطورِ خاص ایم وائے سی جین کو نشانہ بناتی ہے۔ یہ جین سرطانی پھوڑےکو پھلاتا رہتا ہے اور اب تک کوئی دوا اس کا کچھ بگاڑ نہیں سکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سائنسدان نے دوسرے یا بالراست طریقے سے اسے نشانہ بنانےکا اعلان کیا ہے۔

ہم عشروں سے جانتے ہیں کہ ایم وائے سی جین کئی اقسام کے سرطانی رسولیوں کو نہ صرف بڑھاتا ہے بلکہ سرطانی پھیلاؤ کی وجہ بھی ہوتا ہے۔ اسپین میں وال ڈی ہیبرون مرکزبرائے سرطان سے وابستہ ڈاکٹر ایلینا گیرالڈا کہتی ہیں کہ ایم وائے سی چھاتی، پروسٹیٹ، پھیھپڑوں، اورخواتین کے تولیدی نظام کے سرطان میں زیادہ سرگرم ہوتا ہے۔

او ایم او 103 ایک منی پروٹین ہے جو خلیے میں داخل ہوکر ایم وائے سی پروٹین کو بے عمل کرتا ہے۔ فی الحال اسے 22 مریضوں پر آزمایا گیا ہے جن کی سرطانی رسولیاں بہت ٹھوس تھیں۔ دوا کےبعد کئی مریضوں میں سرطان بڑھنے کی شرح کم ہوگئی اور کوئی منفی اثرسامنے نہیں آیا۔

اگرچہ یہ ابتدائی نتائج ہیں لیکن بہت حوصلہ افزا ہیں۔ لبلبے کے سرطان میں مبتلا ایک مریض کی رسولی میں 8 فیصد کمی دیکھی گئی جو عمدہ پیشرفت ہے۔ تاہم ماہرین نے مزید تحقیق پر زور دیا ہے۔