شدید گرمی،میٹرک امتحانات کے اوقات کار تبدیل

پاکستان میں معمول سے کہیں زیادہ گرمی کی وجہ سے وفاقی تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے امتحانات کا وقت تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق کیا گیا ہے۔

وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری مراسلے میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ فیصلے کا اطلاق صرف اسلام آباد کی حدود میں ہو گا، پاکستان بھر میں فیڈرل بورڈ سے ملحق ادارے نئے اوقات کی پابندی کریں گے یا بیرون ملک تعلیمی ادارے بھی ایسا ہی کریں گے۔

تعلیمی بورڈ کے مراسلے کے مطابق شدید گرم موسم کے باعث میٹرک کے سالانہ امتحانات 2022 کے پرچہ جات جو مقررہ وقت صبح نو تا 12 بجے ہونا تھے، اب 23 مئی پیر سے صبح آٹھ تا 11 بجے کر دیے گئے ہیں۔

بورڈ کی جانب سے میٹرک کے طلبہ و طالبات کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی رول نمبر سلپ وفاقی تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر لیں۔

فیڈرل بورڈ کے اعلان پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی سائٹس پر بورڈ کو مخاطب کرتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں بالخصوص خلیج کے رہائشیوں کا موقف تھا کہ وقت نہیں بدلنا چاہیے اس سے بیرون ملک رہنے والے سٹوڈنٹس متاثر ہو سکتے ہیں۔ پاکستان میں آٹھ بجے پرچہ شروع ہوا تو متحدہ عرب امارات میں سات اور سعودی عرب میں چھ بجے شروع ہو گا۔