وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا لاہور پریس کلب کادورہ

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے لاہورپریس کلب کے پروگرام” میٹ دی پریس ” میں شرکت کی۔

اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن سہیل احمد خان ، پرنسپل انفارمیشن آفیسرمبشر حسن، سیکرٹری انفارمیشن پنجاب علی نواز اعوان اور ڈی جی پریس انفارمیشن لاہورشفقت عباس نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔

لاہورپریس کلب کے صدراعظم چوہدری ، سینئرنائب صدر شاداب ریاض ، سیکرٹری عبدالمجید ساجد، جوائنٹ سیکرٹری حسن تیمورجکھڑ ، فنانس سیکرٹری حافظ فیض احمد، ممبرگورننگ باڈی محسن بلال ، رضامحمد، محمد کلیم اور نفیس احمد قادری نے معززمہمانوں کوکلب آمد پر خوش آمدید کہا۔

صدراعظم چوہدری نے بجٹ میں صحافیوں کی انشورنس کے لئے ایک ارب رکھنے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ لاہورپریس کلب نے ہمیشہ حکومت کے احسن اقدامات کو سراہا ہے اور اپناکرداراداکیاہے ، صحافیوں پر کڑا وقت ہے مگر ہم پرامید ہیں کہ مسائل جلد حل کرلئے جائیں گے۔

انھوں نے کلب کے مسائل کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ انرجی بحران میں کلب کی اہمیت کے پیش نظر سولرسسٹم کی تنصیب کی اشد ضرورت ہے جس کی جانب ہم نے باربارتوجہ دلائی ہے اور اس پر فوری عمل کرانے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، آئینی مدت کے بعد ہی الیکشن کمیشن کی تاریخ کے بعد الیکشن کرائیں گے،آر ٹی ایس یا مینڈیٹ کو قتل کر کے جو مصنوعی چیز آئے گی وہ ریت کی طرح بکھر جائے گی،آئی ایم ایف کے جو پروگرام تعطل کا شکار تھے ان پر مذاکرات جاری ہیں،اعمال ٹھیک ہوں تو کوئی بھی کسی کو سیاست سے مائنس نہیں کرسکتا،

ٹیریان کے ابو کو اپنے چار سالوں کے گناہوں کا جواب دینا ہوگا،اگر مسلم لیگ (ن) سیاسی انتقام لینا چاہتی تو نیب قوانین میں تبدیلی نہ کرتی،مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی قیادت میں الیکشن کی تیاری کر رہی ہے ،

سیلاب کے باوجود تمام انتظامات کئے اور تاریخی بمپر کراپ حاصل کی گئیں

پیمرا میں پہلی بار حکومتی بزنس کو صحافیوں کی تنخواہوں سے منسلک کر دیا ہے،ہیلتھ انشورنس کا دو ہفتے میں میکنزم بنا کر اس کو یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ گزشتہ دور میں صحافت پر پابندی و قدغن لگا دی گئی تھی اور صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا لیکن ہم تب بھی آپ کے ساتھ تھے، صحافیوں کا سیفٹی بل جو ہیومن رائٹس منسٹری کو بھجواد یا گیا ہے جس کی بنیاد نواز شریف کے دور اقتدارمیں رکھی گئی تھی اب وہاں ہی لائف انشورنس، دہشت گردی یا حادثاتی معاملات کو شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی صحافیوں کی طرف سے ہسپتالوں اور دوائیوں کے لیے درخواستیں آتی تھیں تو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ جب بھی انہیں خدمت کا موقع ملا تو اس مسئلے کو حل کریں گے،اب ہم میڈیا ورکرز کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دے رہے ہیں جس میں نہ صرف رپورٹرز بلکہ کیمرہ مین بھی فائدہ حاصل کر سکیں گے،جس پر دو ہفتے کے اندر اندر میکنزم بنا کر اسے یقینی بنایا جائے گا۔

مریم اور نگز یب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پیمرا میں پہلی بار حکومتی بزنس کو صحافیوں کی تنخواہوں سے منسلک کر دیا ہے جبکہ آئی ٹی این ای نے دس کروڑ روپے کی ریکوری کر کے جن صحافیوں کی تنخواہیں نہیں دی جار ہی تھیں انہیں تنخواہیں ادا کی ہیں جو ایک تاریخی کام ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ہمیں بولنے نہیں دیا جارہا تھا، پارلیمنٹ میں میڈیا کے نمائندوں کو اجازت نہ تھی تو اس وقت پریس کلب ہماری آواز بنے اور یہی وجہ ہے کہ لاہور پریس کلب ہو یا اسلام آباد اس کے دروازے ہمارے لئے کھلے رہتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی این ای اور پیمرا میں سرکلر دے دیا گیا ہے کہ میڈیا ورکرز کی تنخواہیں 32000 ہزار سے کم نہ ہوں جو کہ آپ کا حق ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں آئی ٹی کے لیے بہت کام کیا گیا ہے اور پریس کلب کے لیے آئی ٹی کے آلات اسلام آباد آ چکے ہیں جس سے ڈیجیٹل کلب وجود میں آئے گا اور اس سے مثبت رپورٹیں ہوں گی،مریم اورنگزیب نے کہا کہ 9 مئی کو ملک میں نفرت اور انتشار دیکھا گیا جسے عوام نے بری طرح مسترد کر دیا اور اب ہم مثبت کی طرف جارہے ہیں .

انہوں نے کہا کہ موجود اتحادی حکومت نے معیشت کی سمت ٹھیک کر کے مہنگائی پر کنٹرول کرنا شروع کر دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان سائیکلون جو آرہا ہے اللہ ہم پر رحم کرے اس پر منصوبہ بندی کر رہے ہیں تاکہ اگر قدرتی آفت آتی ہے تو جانیں بچائی جا سکتی ہیں،انہوں نے کہا کہ موجود بجٹ میں نوجوانوں کے لیے بہت مراعات رکھی ہیں تاکہ نئی نسل اس سے فائدہ اٹھا سکے.

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پٹرول اور گندم کی قیمتیں کم کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس کا فائدہ عوام کو مل سکے ،موجود بجٹ معیشت اور روزگار کے ویڑن کو مد نظر رکھ کر دیا گیا ہے جس میں زراعت اور ٹیوب ویل کے لیے نہ صرف پیسے ترسیل کیے گئے ہیں بلکہ اس پر خرچ بھی ہوں گے.

وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابات آئنی مدت کے بعد ہی الیکشن کمیشن کی تاریخ کے بعد ہوں گے اور مسلم لیگ ن نے اپنی الیکشن مہم شروع کر دی ہے ،شجاع آباد ،وہاڑی لاہور میں مریم نواز جلسے کر رہی ہیں ،اب عوام نفرت اور انتشار سے تھک چکی ہے،اب لوگ ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندے چنیں گے 2018ءمیں سازش کے ذریعے نا اہل چور اور کرپٹ وزیر اعظم کو مسلط کیا گیا جس نے اگلے ماہ ہی اپوزیشن کو سزائے موت کی چکیوں میں بند کر دیا اور انتقام لینا شروع کر دیا.

انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعہ میں جو کچھ بھی ہوا اس پر عمران خان کو گڈ ٹو سی یو کہا گیا.

انہوں نے کہا کہ لاہور پریس کلب کو سولر پر چلانے کے لیے وفاق سے بات کریں گی۔

سیکرٹری لاہور پریس کلب عبدالمجید ساجد نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے ہیلتھ انشورنس کی مد میں ایک ارب روپے مختص کرا کے تاریخی کام کیا ہے جس پر ہم ان کاشکریہ ادا کرتے ہیں.

کلب کے صدر اعظم چوہدری اور سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے مریم اورنگزیب اور سہیل علی خان کو صحافیوں کی گرانقدرخدمات پر اعزازی لائف ممبرشپ دینے کااعلان کیا اور معززمہمانوں کو یادگاری شیلڈز اور پھول پیش کئے۔