برطانیہ نے کچرا اُٹھانے کا ’سپو گومی ورلڈ کپ‘ اپنے نام کرلیا

برطانیہ نے جاپان میں ہونے والا کچرا اُٹھانے کا ’سپو گومی ورلڈ کپ‘ اپنے نام کرلیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں منعقد ہونے والے ’سپو گومی ورلڈ کپ‘ میں دنیا بھر سے 21 ٹیمز نے حصّہ لیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس دلچسپ مقابلے کو منعقد کرنے کا مقصد ماحولیاتی مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ’سپو گومی‘ انگریزی کے لفظ ’اسپورٹس‘ اور جاپانی لفظ ’گومی‘ سے مل کر بنا ہے، ’گومی‘ کا مطلب ہے ’کچرا‘۔

اس مقابلے کے دوران ہر ملک کی تین ممبران پر مشتمل ٹیم کو 90 منٹس میں دو راؤنڈز میں گلیوں سے کچرا چننا اور پھر اس کچرے کی چھانٹی کر کے اسے مناسب کیٹیگریز میں ترتیب دینا تھا۔

اس مقابلے میں برطانیہ کی ٹیم ’دی نارتھ وِل رائز اگین‘ نے 57.27 کلو گرام کچرا جمع کیا اور9046.1 پوائنٹس حاصل کر کے میزبان ٹیم جاپان کو ہرا کر کچرا اُٹھانے کا ورلڈکپ جیت لیا۔