ایچ بی ایل پی ایس ایل 7؛ اسلام آباد یونائیٹڈ کوآج ملتان سلطانز کا چیلنج درپیش

لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل 7میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو ملتان سلطانز کا چیلنج درپیش ہوگا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں اتوار کو اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مضبوط حریف ملتان سلطانز پر قابو پانے کی کوشش کرے گی،اس نے 9میں سے4 میچز جیتے ہیں، ٹاپ اسٹارز کی رخصتی،فٹنس اور فارم کے مسائل سے گھری ٹیم کے کپتان شاداب خان سمیت کئی اہم کھلاڑیوں کی دستیابی یقینی نہیں،اس صورتحال میں بیٹنگ کا بوجھ رحمان اللہ گرباز اور اعظم خان کو اٹھانا ہوگا، آصف علی بڑا اسکور نہیں کرپارہے جب کہ فہیم اشرف بیٹ اور بال سے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔

بولرز میں وقاص مقصود اچھی فارم میں ہیں،البتہ اسپنرز سمیت دیگر کو کارکردگی میں بہتری لانا ہوگی،حریف ٹیم ملتان سلطانز کو 9میچز میں صرف ایک شکست ہوئی ہے،بیٹرز شان مسعود، محمد رضوان، رائیلی روسو، خوشدل شاہ اور ٹم ڈیوڈ زبردست فارم میں ہیں، شاہنواز دھانی، ڈیوڈ ویلی اور آصف آفریدی وکٹیں اڑارہے ہیں،اسپنرز عمران طاہر اور خوشدل شاہ بھی حریفوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے اہل ہیں۔

دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سامنا کراچی کنگز سے ہوگا،سرفراز الیون کی کارکردگی میں تسلسل نہیں،اسی وجہ سے 9میں سے صرف3 میچز میں ہی فتح پائی،ٹیم کو ایونٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عمراکمل سے امیدیں وابستہ ہیں، جیسن روئے، ول اسمیڈ اور افتخار احمد جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں،البتہ ٹیم کو بطور بیٹنگ یونٹ کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

بولنگ میں نسیم شاہ اور محمد عرفان کو توقعات کا بوجھ اٹھانا ہوگا،سہیل تنویر اورنوراحمد برْے دور سے گزر رہے ہیں،حریف ٹیم کراچی کنگز نے 8شکستوں کے بعد پہلی فتح سمیٹی، لاہور قلندرز کیخلاف لواسکورنگ میچ میں بابر اعظم کے سوا کوئی زیادہ مزاحمت نہیں کرپایا مگر شرجیل خان اور جو کلارک چھکے چھڑانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،پیسرز میر حمزہ اور کرس جورڈن کا ساتھ دینے کیلیے عماد وسیم بھی موجود ہوں گے۔