پنجاب میں 5 سے 7 جولائی کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں 5 جولائی سے 7 جولائی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ موسلادھار بارش سے راولپنڈی، اسلام آباد، کشمیر، خضدار، گوادر اور آواران کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

کشمیر، گلیات، مری، چلاس، دیامر، گلگت، ہنزہ، استور اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

مسافر اور سیاح اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مون سون ہوائیں آئندہ 24 گھنٹوں میں شدت سے بیشتر علاقوں میں داخل ہوں گی جبکہ رواں ہفتے کے آخر سے مون سون ہواؤں میں دوبارہ شدت کا امکان ہے۔