ایچ ای سی نے ہولی پر پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے لیا

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل نے ہولی پر پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے نوٹس واپس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ایچ ای سی تمام مذاہب، عقائد اور ملک میں منائے جانے والے تہواروں اور تقریبات کا انتہائی احترام کرتا ہے۔

جمعرات کو وائس چانسلروں اور ریکٹرز کو لکھے گئے خط میں ڈاکٹر شائستہ سہیل نے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے جو پیغام دیا گیا ہے اس کا مقصد کسی بھی فرد یا گروہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر پیش کیا گیا اور پھیلایا گیا کہ ایچ ای سی نے کسی بھی تہوار کو منانے پر ’پابندی‘ لگا دی ہے، جبکہ ایسا نہیں ہے۔ ایچ ای سی نے ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ بنیادی تعلیم پر توجہ دیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جامعات کے وجود کی وجہ یعنی تعلیمی فضیلت، تحقیقی معیار اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ایک منظم، نظم و ضبط اور قوم کے نظریے کے مطابق ذمہ دار شہری کی طرف بروئے کار لانا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ مواصلات سے جو پیغام نکالا گیا ہے وہ افسوسناک طور پر غلط تشریحات کا باعث بنا ہے، ایچ ای سی اسے واپس لینے پر خوشی محسوس کرتا ہے۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے ملک بھر کی جامعات میں ہولی کا تہوار منانے پر عائد پابندی کی مخالفت کی تھی۔