سمندری طوفان:محکمہ صحت سندھ نے الرٹ جاری کردیا

کراچی: سندھ میں ممکنہ سمندری طوفان اور بارشوں کے باعث محکمہ صحت سندھ نے الرٹ جاری کردیا۔

محکمہ صحت کے مطابق طوفان میں 60 سے 100کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتارسے ہوائیں چلیں گی، مختلف علاقوں میں موسلادھار اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ نکاسی آب کی ابتر صورتحال سے شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوسکتا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ بارش کے پانی سے روڈ بلاک ہونے کے بھی خدشات موجود ہیں، گاڑیوں اور موٹر سائیکل والے افراد خاص احتیاط سے سفر کریں، بارش کے دوران بجلی کے پول اور تاروں سے دور رہنا لازمی ہے۔

طوفان کے دوران شہر بھر میں لوڈ شیڈنگ میں اضافے کا بھی امکان ہے۔

بارشوں کے دوران موبائل نیٹ ورک کی بندش کا بھی خطرہ ہے، شہری اپنی بیس مینٹ ، کھڑی دروازوں کو مکمل بند رکھیں، اس کے علاوہ ہنگامی حالت میں 1092 پر کال کرکے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔

’ بپر جوائے ‘ کے اثرات: کراچی میں گرد آلود تیز ہوائیں اور بوندا باندی شروع

سمندری طوفان کے اثرات سے شہر میں گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ ساتھ بوندا باندی شروع ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی دوپہر صدر، اولڈ سٹی ایریا اور آئی آئی چندریگرروڈ سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی شروع ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ مشرق اور شمال مشرق سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہواؤں کی رفتار آج 36 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 37.6 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد ہے۔