مانتا ہوں میری رائے غلط تھی لیکن کیا مجھے سولی پر چڑھانا ضروری ہے؟ نصیر الدین شاہ

بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ پاکستان میں سندھی زبان سے متعلق اپنے بیان پر غلطی کااعتراف کرچکے ہیں تاہم اس کے باوجود انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں نصیر الدین شاہ نےکہا تھا کہ سندھی زبان اب پاکستان میں نہیں بولی جاتی۔

نصیرالدین شاہ کے بیان پران کوسوشل میڈیا پرشدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا،نصیر الدین شاہ نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا تھا تاہم بھارت کے سینئر اداکار پر تنقید کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نصیر الدین شاہ نے ایک بار پھر پاکستان میں سندھی آبادی سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ میں پاکستان کے تمام سندھی بولنے والے افراد سے معذرت خواہ ہوں جو میری غلط رائے کی وجہ سے مجھ سے شدید ناراض ہیں، میں تسلیم کرتا ہوں کہ میری معلومات غلط تھی لیکن کیا اس کے لیے مجھے سولی چڑھانا ضروری ہے؟

انہوں نے کہا کہ درحقیقت کئی سالوں تک خود کو ذہین شخص سمجھے جانے کے بعد ‘جاہل’ اور ‘ فرضی دانشور’ کہلانے سے کافی لطف اندوز ہو رہا ہوں، یہ بڑی تبدیلی ہے!